عالمی یومِ انسانیت، زرداری اور شہباز شریف کا امدادی کارکنوں کو خراجِ تحسین
اسلام آباد( تر کیہ خبر) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یومِ انسانیت کے موقع پر اپنے پیغامات میں انسانی ہمدردی، خدمتِ خلق اور انسانی وقار کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے امدادی کارکنوں اور انسانی خدمت میں مصروف اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ قدرتی آفات، بحرانوں اور ہنگامی حالات میں امدادی کارکن متاثرین کو بروقت مدد اور سہارا فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جس پر ان کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔انہوں نے سماجی کارکنوں، طبی عملے، چائلڈ پروٹیکشن ورکرز اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ بحران کی صورتحال میں کسی شخص کو بے یار و مددگار نہ چھوڑنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پاکستان انسانی ہمدردی، احترامِ انسانیت اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے عزم پر قائم ہے۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر انسانی ہمدردی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور آئینِ پاکستان و عالمی انسانی حقوق کے معاہدوں کے تحت ہر فرد کے بنیادی حقوق کے تحفظ کا عزم رکھتا ہے۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر خدمتِ خلق، انسانی ہمدردی، عزت و وقار اور یکجہتی جیسی مثبت اقدار سے اپنی وابستگی کا اعادہ کرتا ہے۔وزیراعظم نے انسانیت کی فلاح کے لیے اپنی زندگیاں وقف کرنے والے خدمت گاروں، اداروں اور تنظیموں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ انسانیت ان 22 امدادی کارکنوں کی یاد میں منایا جاتا ہے جو 2003 میں عراق میں اقوام متحدہ کے دفتر پر ہونے والے بم دھماکے میں جاں بحق ہوئے۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر انسانی ہمدردی کے عملی اقدامات کرنے والے نمایاں ممالک میں شامل ہے، جبکہ اقوام متحدہ کے امن دستوں میں ملک کی شرکت بھی قابلِ ذکر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ لاکھوں افغان مہاجرین کی کئی دہائیوں تک میزبانی اور علاقائی و عالمی انسانی بحرانوں میں امداد کی فراہمی پاکستانی قوم کی فیاضی، ثابت قدمی اور ہمدردی کی عکاس ہے۔