امینہ اردوان نے سیئول میں یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے ثقافتی مرکز کا افتتاح کردیا
انقرہ (مانیٹرنگ ڈیسک)ترکیہ کی خاتونِ اول امینہ اردوان نے صدر رجب طیب اردوان کے ہمراہ جنوبی کوریا کے دورے کے دوران بدھ کو سیئول میں یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے ثقافتی مرکز کا باضابطہ افتتاح کردیا۔مرکز پہنچنے پر ان کا استقبال انسٹی ٹیوٹ کے صدر سلیم ارگون، شعبہ ثقافت کے سربراہ علی رضا کاراباغ اور دیگر حکام نے کیا۔ امینہ اردوان نے فیتہ کاٹ کر مرکز کا افتتاح کیا اور بعد ازاں اس کلاس روم کا دورہ کیا جہاں جنوبی کوریا کے طلبہ ترکی زبان سیکھ رہے تھے۔انہوں نے طلبہ کے درمیان ترکی زبان میں ہونے والی گفتگو سنی اور ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تالیاں بجائیں۔خاتونِ اول نے ترک فنکار حکمت قادر بوزوک کی جانب سے روایتی فنِ مرمر کاری (ایبرو) کا عملی مظاہرہ بھی دیکھا اور فن پارے کی تیاری میں حصہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے طلبہ کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور انگلیوں سے دل کا نشان بھی بنایا، جو جنوبی کوریا سے شروع ہو کر دنیا بھر میں مقبول ہوا۔امینہ اردوان نے کہا کہ ترکی زبان سیکھنے والے طلبہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور دوستانہ تعلقات کے سفیر ثابت ہوں گے۔