ترکیہ کا صنعتوں سے کاربن اخراج کم کرنے کیلئے 6 ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کا منصوبہ
انقرہ (تر کیہ خبر)ترکیہ آئندہ ہفتے انطالیہ میں ہونے والی اقوام متحدہ کی 31ویں عالمی ماحولیاتی کانفرنس (کوپ 31) کے موقع پر صنعتی شعبے سے کاربن اخراج میں کمی کے لیے نیا سرمایہ کاری پلیٹ فارم متعارف کرانے کا ارادہ رکھتا ہے۔9 سے 20 نومبر تک جاری رہنے والی کانفرنس میں ’’ترکیہ صنعتی کاربن میں کمی سرمایہ کاری پلیٹ فارم‘‘ کے تحت مختلف اداروں کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی۔یہ منصوبہ ترکیہ کی وزارت صنعت و ٹیکنالوجی، یورپی بینک برائے تعمیرِ نو و ترقی، عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی کارپوریشن کی مشترکہ کوششوں سے تیار کیا گیا ہے۔منصوبے کے تحت فولاد، ایلومینیم، سیمنٹ اور کھاد سمیت زیادہ کاربن خارج کرنے والی صنعتوں میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔ 2030 تک 6 ارب ڈالر سے زائد سرمایہ جمع کرنے اور سالانہ 2 کروڑ ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے مساوی اخراج کم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔کلائمیٹ انویسٹمنٹ فنڈز کے کلین ٹیکنالوجی فنڈ نے منصوبے کے آغاز کے لیے ابتدائی طور پر 25 کروڑ ڈالر فراہم کر دیے ہیں، جبکہ کوپ 31 میں اس منصوبے کے اعلان سے متعلق مشترکہ اعلامیے میں مزید مالیاتی اداروں کی شمولیت بھی متوقع ہے۔سرمایہ کاری کے اہم شعبوں میں ماحول دوست ہائیڈروجن، کاربن کو جذب کرنے کی ٹیکنالوجی، توانائی کی بچت، قابلِ تجدید بجلی اور موسمیاتی ٹیکنالوجیز شامل ہوں گی۔ترکیہ کے وزیر صنعت و ٹیکنالوجی مہمت فاتح کاجیر نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد ماحول دوست معیشت کی جانب منتقلی کے لیے یورپی یونین کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔ ان کے مطابق 2021 سے 2027 کے دوران یورپی یونین کی جانب سے پلیٹ فارم کے لیے 5.7 ارب یورو (6.4 ارب ڈالر) کی معاونت منصوبے کو تقویت دے گی اور صنعتی شعبوں میں کاربن اخراج کم کرنے کے لیے مزید سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرے گی۔