جنوبی کوریا میں پرتپاک استقبال ترکیہ اور کوریا کی دیرینہ دوستی کا مظہر ہے، امینہ اردوان
انقرہ (تر کیہ خبر)ترکیہ کی خاتونِ اول امینہ اردوان نے جنوبی کوریا میں اپنے اور صدر رجب طیب اردوان کے پرتپاک استقبال کو دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا خوبصورت اظہار قرار دیا ہے۔سماجی رابطے کے ترک پلیٹ فارم ’’این سوشل‘‘ پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا میں جس گرم جوشی اور خلوص کے ساتھ ان کا خیرمقدم کیا گیا، وہ دونوں قوموں کی گہری اور تاریخی دوستی کی عکاسی کرتا ہے۔امینہ اردوان نے جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ اور ان کی اہلیہ کم ہائے کیونگ کی جانب سے منعقدہ سرکاری استقبالیہ تقریب کی تصاویر بھی شیئر کیں۔صدر اردوان اور خاتونِ اول یکم سے 4 نومبر تک سیئول کے دورے پر ہیں۔ ان کے ہمراہ وزیر خارجہ حاقان فیدان، وزیر توانائی الپ ارسلان بائراکتار، وزیر دفاع یشار گولر اور ڈائریکٹر اطلاعات و مواصلات برہان الدین دوران بھی موجود ہیں۔دورے کے دوران ترکیہ اور جنوبی کوریا نے منگل کو جوہری بجلی گھروں کی مالی معاونت میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔صدر اردوان نے بحیرہ اسود کے ساحل پر واقع شہر سینوپ میں ترکیہ کے مجوزہ دوسرے جوہری بجلی گھر کی تعمیر کے لیے جنوبی کوریا کو اہم ممکنہ شراکت دار قرار دیا ہے۔