باکو کے تیل کے عروج پر مبنی دستاویزی فلم کی نمائش، 103 تاریخی پوسٹ کارڈز سے کہانیاں زندہ
باکو (تر کیہ خبر)نظامی سنیما سینٹر میں 3 نومبر کو آذربائیجان کی سرکاری تیل کمپنی سوکار اور ٹیلی ویژن چینل ’’ای نیوز‘‘ کی مشترکہ پیشکش دستاویزی فلم ’’تیل اور سیاہی: تیل سے لکھی کہانیاں‘‘ کی پہلی بار نمائش کی گئی۔تقریب میں حیدر علییف فاؤنڈیشن کی نائب صدر لیلیٰ علییوا، حکومتی و سرکاری شخصیات، آذربائیجان میں تعینات سفارتی نمائندوں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ لیلیٰ علییوا نے فلم کی تخلیقی ٹیم سے ملاقات بھی کی اور ان کے ساتھ یادگاری تصاویر بنوائیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ای نیوز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر رُفعت حمزایف نے بتایا کہ فلم کا خیال سوکار کے عجائب گھر میں محفوظ 20ویں صدی کے اوائل کے 103 تاریخی پوسٹ کارڈز سے اخذ کیا گیا۔ فلم میں تقریباً ایک صدی قبل باکو میں تیل کی صنعت کے عروج، دنیا بھر سے لوگوں کی شہر آمد اور اس صنعت کی ترقی کے نتیجے میں رونما ہونے والی بڑی تبدیلیوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صدر الہام علییف نے رواں سال کو ’’شہری منصوبہ بندی اور فنِ تعمیر کا سال‘‘ قرار دیا ہے۔ فلم میں 103 تاریخی پوسٹ کارڈز اور 9 انسانی کہانیوں کے ذریعے تیل کے باکو کی تعمیرات اور ثقافت پر اثرات کے علاوہ شہر کی تاریخ میں نمایاں کردار ادا کرنے والے افراد کی زندگیوں کے واقعات بھی پیش کیے گئے ہیں۔