دہشتگردی کے خلاف انٹیلی جنس آپریشنز بڑھانے اور سیکیورٹی اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد ( تر کیہ خبر) حکومت نے ملک میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشنز کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اور داخلی سلامتی سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مختلف شعبوں میں اب تک کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، جبکہ ذرائع کے مطابق اے آر ڈی سی کی کارکردگی بھی زیر غور آئی۔وزیراعظم نے وفاقی و صوبائی حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطوں اور باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں خیبر پختونخوا کے لیے وفاقی حکومت کے 160 ارب روپے کے پیکیج پر عمل درآمد کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔