مریم نواز کا چوہدری سالک کو ہرجانے کا نوٹس بھجوانے کا اعلان
اٹک ( تر کیہ خبر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کو پنجاب حکومت پر کرپشن کے الزامات عائد کرنے پر ہرجانے کا نوٹس بھجوانے کا اعلان کردیا۔اٹک میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ چوہدری سالک وفاقی وزیر ہیں، انہیں الزامات لگانے کے بجائے ثبوت پیش کرنے چاہئیں۔ اگر ان کے پاس شواہد موجود ہیں تو سامنے لائیں، بصورت دیگر وہ انہیں عدالت لے کر جائیں گی۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر پنجاب حکومت اتنی کرپٹ ہے تو چوہدری سالک اس کا حصہ بن کر وزیر کیوں بیٹھے ہیں؟وزیراعلیٰ نے کہا کہ سفارش کے ذریعے عہدوں پر آنے والے افراد ملک اور عوام کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں۔طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ وہ لیپ ٹاپ اور اسکالرشپس تقسیم کرنے نہیں بلکہ بچوں کی کامیابیوں کو ایک ماں کی حیثیت سے سراہنے آئی ہیں۔ یہ سہولیات طلبہ کی محنت کا صلہ اور ان کا حق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کی کمی اور سیاسی اشتعال انگیزی کے باوجود کئی طلبہ نے محنت کا راستہ نہیں چھوڑا۔انہوں نے کہا کہ ہر طالب علم کی کامیابی کے پیچھے جدوجہد کی ایک داستان ہے، جبکہ ماضی میں بہت سے مستحق اور قابل بچوں کو لیپ ٹاپ اور اسکالرشپس نہیں مل سکے۔ اب وسائل کی کمی کسی بچے کی تعلیم میں رکاوٹ نہیں بنے گی۔مریم نواز کے مطابق پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں طلبہ کو لیپ ٹاپ، اسکالرشپس اور موٹر سائیکلیں فراہم کی جارہی ہیں، جبکہ صوبے میں 300 نواز شریف اسکولز آف ایمننس قائم کیے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی شعبے میں بہتری کے لیے مسلسل محنت کی گئی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کا ہر بچہ ان کے لیے اپنے بچوں کی طرح عزیز ہے اور وہ خواتین کے لیے صوبے کو محفوظ بنانے کی کوششیں کررہی ہیں۔ ان کے بقول وہ صرف مسائل کی نشاندہی نہیں کرتیں بلکہ ان کے حل کے لیے بھی کام کرتی ہیں۔ سرکاری اسکولوں اور اسپتالوں کا معیار بہتر بنایا جارہا ہے، جبکہ ستھرا پنجاب منصوبے کے تحت 2 لاکھ ملازمین صفائی کے امور انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اٹک میں گزشتہ 2 برس کے دوران 850 کلومیٹر سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں اور شہر میں گرین بسیں بھی چلائی جارہی ہیں۔ ضلع کے لیے مزید گرین بسیں لائی گئی ہیں، جن کے افتتاح کے موقع پر طلبہ کو بھی مدعو کیا جائے گا۔