اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ، زرداری و وزیراعظم کے پیغامات

اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ، زرداری و وزیراعظم کے پیغامات

اسلام آباد( تر کیہ خبر) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم پاکستان نے اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں صدر مملکت اور وزیراعظم نے مذہبی رہنماؤں، تعلیمی اداروں، ذرائع ابلاغ اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ ایسا معاشرتی ماحول تشکیل دینے میں اپنا کردار ادا کریں جہاں ہر شہری کے عقیدے، شناخت اور انسانی وقار کا احترام یقینی ہو۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کی مذہبی اقلیتوں نے مختلف تنازعات اور جنگوں کے دوران ملک کی خدمت کے علاوہ صحت، تعلیم اور زندگی کے دیگر شعبوں میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے اور آج بھی اپنے ہم وطنوں کے ساتھ مل کر ملکی ترقی میں حصہ لے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام مذہبی، ثقافتی اور روایتی اختلافات سے بالاتر ہوکر ایک پرچم تلے متحد ہیں۔ بانی پاکستان نے دستور ساز اسمبلی سے خطاب میں تمام شہریوں کو برابر قرار دیا تھا، جبکہ 1973ء کے آئین میں بھی اقلیتوں کے حقوق کا واضح تحفظ موجود ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ اقلیتوں کی خدمات، حب الوطنی اور ملک کی ترقی و خوشحالی میں کردار پر پوری قوم کو فخر ہے۔ ایک پُرامن اور مستحکم ریاست کی بنیاد انصاف، مساوات، باہمی احترام اور انسانی وقار پر قائم ہوتی ہے۔آصف علی زرداری کے مطابق آئین پاکستان بنیادی حقوق، مذہبی آزادی اور قانون کے تحت مساوی تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، ان اصولوں پر عمل درآمد ایک مضبوط اور منصفانہ معاشرے کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہے۔ پاکستان کو مساوات، انسانیت کی خدمت اور اعلیٰ اقدار کا علمبردار ملک بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.