صدر زرداری کا بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار بڑھانے پر زور
کراچی( ترکیہ خبر) صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے بلوچستان کے صوبائی وزراء نے بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات کی، جس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور مجموعی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران صدر مملکت نے بلوچستان میں ترقیاتی عمل کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔آصف علی زرداری نے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی ترقی، امن و امان کی بہتری، عوامی فلاح اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ملاقات میں صوبائی وزیر آبپاشی صادق عمرانی، وزیر منصوبہ بندی و ترقی ظہور بلیدی، وزیر صحت میر بخت کاکڑ، وزیر لائیو اسٹاک سردار فیصل جمالی، وزیر صنعت و تجارت کویار ڈومکی، وزیر محنت غلام رسول عمرانی اور پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر نائب صدر میر علی حسن زہری بھی شریک تھے۔