کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئےآج یومِ استحصالِ کشمیرمنایا جا رہاہے
اسلام آباد( تر کیہ خبر) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یومِ استحصالِ کشمیر منایا جا رہا ہے تاکہ کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے اور 5 اگست 2019ء کے بھارتی اقدامات کو یاد رکھا جائے۔اس دن کی مناسبت سے مختلف تقریبات اور پروگراموں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ یہ دن بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کے فیصلے کی یاد دلاتا ہے۔5 اگست 2019ء کو بھارتی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 370 اور آرٹیکل 35-اے کو منسوخ کرتے ہوئے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی اور علاقے کو دو وفاقی اکائیوں، جموں و کشمیر اور لداخ، میں تقسیم کر دیا۔آرٹیکل 370 کے تحت مقبوضہ جموں و کشمیر کو اپنا آئین، الگ پرچم اور داخلی معاملات میں خصوصی اختیارات حاصل تھے، جبکہ آرٹیکل 35-اے مقامی باشندوں کو خصوصی قانونی حقوق فراہم کرتا تھا۔بھارتی فیصلے کے بعد مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ کیا گیا، مواصلاتی نظام معطل کر دیا گیا، اضافی فوج تعینات کی گئی اور متعدد سیاسی رہنماؤں کو حراست میں لے لیا گیا، جس پر کشمیری عوام کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔پاکستان نے اس اقدام کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے سفارتی سطح پر احتجاج ریکارڈ کرایا، دوطرفہ تعلقات محدود کیے اور مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔ اسی تناظر میں پاکستان ہر سال 5 اگست کو یومِ استحصالِ کشمیر منا کر کشمیری عوام کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔