پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، عطا تارڑ
اسلام آباد( تر کیہ خبر) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان تحریک انصاف کو اسلام آباد آکر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دے گی اور ہر صورت قانون کی عمل داری یقینی بنائی جائے گی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ ممکنہ احتجاج کے دوران حکومت امن و امان برقرار رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی نے اب تک پُرامن احتجاج کی روایت قائم نہیں کی، اسے اپنے طرزِ عمل پر غور کرنا چاہیے، بصورت دیگر ایسے نتائج سامنے آسکتے ہیں جو طویل عرصے تک یاد رہیں گے۔وزیر اطلاعات نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کی گرفتاری سے متعلق کہا کہ انہیں مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا، جن کے مطابق امن و امان خراب ہونے کا خدشہ تھا۔مذاکرات کے حوالے سے عطا تارڑ نے پی ٹی آئی کی قیادت اور فیصلہ سازی کے طریقہ کار پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ حکومت کیلئے بات چیت کے سلسلے میں پارٹی کے کسی ایک نمائندہ فریق کا تعین مشکل ہے۔ انہوں نے بیرسٹر گوہر کے کردار پر بھی تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت کو پی ٹی آئی کے بیانات پر اعتماد نہیں۔