ترکیہ کا آذربائیجان کے آزاد علاقوں کی تعمیر نو میں بھرپور تعاون جاری
انقرہ( تر کیہ خبر) ترکیہ کے وزیر زراعت و جنگلات ابراہیم یوماقلی نے کہا ہے کہ ترکیہ اور آذربائیجان کے قریبی برادرانہ تعلقات کے تحت ترک ادارے اور کمپنیاں آرمینی قبضے سے آزاد کرائے گئے علاقوں کی تعمیر نو اور ترقیاتی منصوبوں میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔آذربائیجان کے یوم فتح 8 نومبر کی مناسبت سے انقرہ میں آذربائیجانی سفارت خانے کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات ’’ایک قوم، دو ریاستیں‘‘ کے اصول پر استوار ہیں اور ترکیہ آذربائیجان کی فتح کی خوشیوں میں برابر کا شریک ہے۔ابراہیم یوماقلی نے کہا کہ صدر الہام علییف کی قیادت میں آذربائیجان نے 44 روزہ جنگ کے دوران تاریخ رقم کی۔ انہوں نے جنگ میں جانیں قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور وطن سے دوبارہ ملنے والے علاقوں کی آزادی میں کردار ادا کرنے والے سابق فوجیوں کی خدمات کو سراہا۔انہوں نے مزید کہا کہ شوشا اعلامیے کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات باقاعدہ تزویراتی اتحاد میں تبدیل ہوئے، جس سے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی بنیاد فراہم ہوئی۔ ترکیہ اور آذربائیجان مستقبل میں بھی باہمی تعاون کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔