وائٹ ہاؤس نے 24 گھنٹے چلنے والا ٹرمپ ٹی وی لانچ کردیا

وائٹ ہاؤس نے 24 گھنٹے چلنے والا ٹرمپ ٹی وی لانچ کردیا

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ اور بڑے میڈیا اداروں کے درمیان جاری تنازع کے دوران وائٹ ہاؤس نے یوٹیوب پر ’’ٹرمپ ٹی وی: دی ایسنشلز اسٹیشن‘‘ کے نام سے 24 گھنٹے چلنے والا ڈیجیٹل چینل شروع کردیا۔نئے چینل پر صدر ٹرمپ کی تقاریر، انتظامیہ کے اعلانات، اہم ویڈیوز اور دیگر سرکاری مواد نشر کیا جائے گا۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق چینل کو بروقت اپ ڈیٹ کیا جائے گا، جہاں صدر کے بیانات اور انتظامیہ کے اہم لمحات سمیت نمایاں ویڈیوز ایک جگہ دستیاب ہوں گی۔یہ نشریات یوٹیوب اور وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ پر دیکھی جاسکیں گی۔ چینل کا آغاز ایسے وقت میں ہوا ہے جب ٹرمپ انتظامیہ نے سی این این، ایم ایس ناؤ اور پولیٹیکو کے صحافیوں کو وائٹ ہاؤس میں داخلے سے روک دیا ہے۔تینوں اداروں نے اس اقدام کے خلاف عدالت سے رجوع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ رسائی روکنا امریکی آئین میں آزادیٔ صحافت کے تحفظ کی خلاف ورزی ہے۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ میڈیا کو پریس پول یا مخصوص مقامات تک مستقل رسائی کا قانونی حق حاصل نہیں۔تنازع کے بعد امریکا کے بڑے ٹی وی نیٹ ورکس نے بھی وائٹ ہاؤس کے مشترکہ ٹی وی پریس پول میں شرکت معطل کردی۔ اس نظام کے تحت مختلف نشریاتی ادارے صدر کی تقریبات کی ویڈیو بنا کر دیگر میڈیا اداروں کو فراہم کرتے ہیں۔نئے چینل کی ابتدائی نشریات میں ٹرمپ کی سابقہ تقاریر اور انتظامیہ سے متعلق پرانی ویڈیوز بھی شامل تھیں۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق اس پلیٹ فارم کے ذریعے صدر اور انتظامیہ سے متعلق اہم مواد براہِ راست عوام تک پہنچایا جائے گا۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.