ٹرمپ نے ریپبلکن شکست تسلیم کرلی، ڈیموکریٹس سے تعاون کا عندیہ دے دیا
واشنگٹن ( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی ناکامی کے بعد نتائج قبول کرتے ہوئے ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر کام کرنے پر آمادگی ظاہر کردی۔نیویارک ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ انتخابی نتائج تسلیم کرنے کے لیے تیار ہیں اور اپوزیشن کے ساتھ تعاون کے امکانات تلاش کریں گے۔ ان کے مطابق دونوں جماعتیں بعض معاملات پر اتفاق کرکے کسی سمجھوتے تک پہنچ سکتی ہیں۔ریپبلکن امیدواروں کی شکست کا جواز پیش کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ انتخابی بیلٹ پر ان کا نام شامل نہ ہونے سے پارٹی کی کارکردگی متاثر ہوئی۔ ان کا دعویٰ تھا کہ اگر وہ خود انتخابی میدان میں ہوتے تو نتائج مختلف ہوسکتے تھے۔ٹرمپ نے سینیٹ کی نشستیں حاصل کرنے میں ناکام رہنے والے ریپبلکن امیدواروں کی حمایت کے اپنے فیصلے کا بھی دفاع کیا اور کہا کہ انہیں اس پر کوئی افسوس نہیں۔ انہوں نے ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کے فیصلے کو بھی دانش مندانہ قرار دیا۔انتخابی نتائج کے بعد ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا کہ وہ امیدواروں کی کامیابی اور ناکامی کی وجوہات کا تجزیہ کریں گے۔ انہوں نے سیاسی مبصر کا کردار ادا کرنے کا عندیہ بھی دیا۔انہوں نے سرخ ٹوپی کی تصویر بھی شیئر کی جس پر ’’ویٹو‘‘ درج تھا۔ اس کے ذریعے انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ڈیموکریٹس کانگریس میں قانون سازی کی کوشش کریں گے تو وہ صدارتی ویٹو کا اختیار استعمال کرسکتے ہیں۔ریپبلکن امیدواروں کی شکست کے باوجود ٹرمپ نے اپنی دوسری صدارتی مدت کے ابتدائی 2 برسوں کی کارکردگی پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے اقدامات پر کوئی پچھتاوا نہیں۔