امریکی عوام تبدیلی اور اتحاد کے خواہاں ہیں، براک اوباما
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق امریکی صدر براک اوباما نے ڈیموکریٹک پارٹی کی انتخابی کامیابی کو عوام کی جانب سے تبدیلی کے مطالبے کا واضح اظہار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹر ایسی قیادت چاہتے ہیں جو معاشرے میں تقسیم پیدا کرنے کے بجائے اتحاد کو فروغ دے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق براک اوباما نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ امریکی عوام نے انتخابی نتائج کے ذریعے اپنا مؤقف واضح کردیا ہے۔ شہری ایسے رہنماؤں کے خواہاں ہیں جو روزمرہ مسائل حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں اور ملک کو متحد رکھیں۔انہوں نے کہا کہ اب ڈیموکریٹک پارٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ جہاں اسے اختیار حاصل ہے وہاں مثبت تبدیلی لائے، مزید نقصان کو روکے اور مستقبل کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرے۔سابق امریکی صدر نے انتخابی مہم کے دوران مشی گن اور جارجیا سمیت اہم ریاستوں میں ڈیموکریٹک امیدواروں کی حمایت بھی کی تھی۔اوباما کا یہ بیان وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی اہم کامیابیوں کے بعد سامنے آیا ہے۔ ان کے مطابق انتخابی نتائج عوام کی جانب سے موجودہ سیاسی طرزِ عمل میں تبدیلی کی خواہش کی عکاسی کرتے ہیں۔