غزہ کے زخمیوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹر آدم حموی امریکی کانگریس کے رکن منتخب

غزہ کے زخمیوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹر آدم حموی امریکی کانگریس کے رکن منتخب

واشنگٹن ( مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ میں زخمی فلسطینیوں کا علاج کرنے والے مصری نژاد امریکی ڈاکٹر آدم حموی نے امریکی انتخابات میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایوانِ نمائندگان کی نشست جیت لی۔وہ نیو جرسی سے کانگریس میں پہنچنے والے پہلے مسلمان اور پہلے مصری نژاد رکن ہوں گے۔امریکی میڈیا کے مطابق ڈیموکریٹک امیدوار آدم حموی نے ریپبلکن حریف گریگ میل کو شکست دی۔ نومنتخب رکنِ کانگریس صحت کی سہولتوں تک عوام کی رسائی بہتر بنانے اور کم قیمت رہائش کی فراہمی کے حامی ہیں۔ وہ غیر قانونی تارکینِ وطن کو شہریت دینے کی بھی حمایت کرتے ہیں۔آدم حموی اسرائیل کے لیے امریکی فوجی امداد بند کرنے کا مطالبہ بھی کرچکے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ بیرونِ ملک فوجی امداد پر خرچ ہونے والے وسائل امریکی عوام کی بنیادی ضروریات پوری کرنے پر صرف ہونے چاہئیں۔ڈاکٹر آدم حموی 2024 اور 2025 میں غزہ کا دورہ کرکے زخمی فلسطینیوں کا علاج کرچکے ہیں۔ وہ امریکی فوج میں بطور سرجن خدمات انجام دینے کے علاوہ عراق جنگ میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔ان کی کامیابی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹک امیدواروں نے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں اور کانگریس میں پارٹی کی نمائندگی میں اضافہ ہوا ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.