جنگ ختم نہیں ہوئی، ایرانی اتحادی گروپوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، نیتن یاہو
تل ابیب( مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران، حماس اور حزب اللہ کے خلاف اسرائیل نے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، تاہم خطے میں جاری کشیدگی مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی اور مزید اقدامات کی ضرورت باقی ہے۔ایک اسرائیلی نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے نیتن یاہو نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے پیش نظر سلامتی اور دفاعی تیاری کو ہر وقت برقرار رکھنا ضروری ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل پہلے کے مقابلے میں زیادہ مضبوط ہوا ہے اور اس نے اپنے مخالفین کی صلاحیتوں کو کمزور کیا ہے، تاہم ان کے بقول خطے میں اب بھی کئی چیلنجز موجود ہیں جن سے نمٹنا باقی ہے۔اسرائیلی وزیراعظم نے مزید کہا کہ ان کی حکومت خطے میں نئے امن معاہدوں اور سفارتی مواقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہے۔سعودی عرب سمیت ممکنہ مستقبل کے معاہدوں سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کسی مخصوص ملک کا نام لینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ مناسب وقت آنے پر پیش رفت خود واضح ہو جائے گی۔نیتن یاہو کے مطابق مختلف ممالک کے ساتھ رابطے جاری ہیں اور خطے میں سفارتی امکانات پر کام کیا جا رہا ہے۔