معرکہ حق کی فتح سے پاکستان کو نئی پہچان ملی:احسن اقبال
اسلام آباد( تر کیہ خبر) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں کامیابی نے عالمی سطح پر پاکستان کی شناخت مزید مضبوط کی۔ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی میں بھی پاکستان نے اہم سفارتی کردار ادا کیا، تاہم دفاعی اور سفارتی کامیابیوں کو پائیدار بنانے کیلئے مضبوط معیشت ضروری ہے۔اسلام آباد میں کوانٹم ویلی پاکستان کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اڑان پاکستان کے ذریعے ملک کو ترقی کے میدان میں بھی کامیابی سے ہمکنار کیا جائے گا۔ کوانٹم ویلی کے قیام سے نئے کاروباری منصوبوں، جدید ٹیکنالوجی اور اعلیٰ سطح کی صنعتوں کے فروغ کے مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ کوانٹم ویلی پاکستان ملکی ٹیکنالوجی کی صلاحیت بڑھانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ کوانٹم ویلی اور کیمبرج انوویشن سینٹر کے درمیان معاہدہ بھی مثبت قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کا آغاز ملک کو نئی سمت دینے اور نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔