ترکیہ خبر

ایران امریکا معاہدے کی دستخطی تقریب کا مقام تبدیل، سوئٹزرلینڈ میں انعقاد

ایران امریکا معاہدے کی دستخطی تقریب کا مقام تبدیل، سوئٹزرلینڈ میں انعقاد

جنیوا( مانیٹرنگ ڈیسک) جنیوا میں ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والے تاریخی معاہدے پر دستخط کی تقریب کے مقام میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔اب یہ تقریب جنیوا کے بجائے سوئٹزرلینڈ کے برجن سٹاک ریزورٹ میں 19 جون کو منعقد ہوگی۔ سوئٹزرلینڈ کی وزارت خارجہ کے مطابق یہ مقام وسطی سوئٹزرلینڈ میں لوسرن کے قریب واقع ہے اور اپنی جغرافیائی ساخت کے باعث سکیورٹی کے لحاظ سے زیادہ محفوظ سمجھا جاتا ہے۔وزارت خارجہ کے مطابق اس مقام کی تجویز پاکستان اور قطر کی ثالثی کے ساتھ ساتھ امریکا اور ایران کی جانب سے بھی دی گئی تھی۔ذرائع کے مطابق اس تاریخی معاہدے کی تقریب کی میزبانی پاکستان کرے گا، جس کے لیے وزیراعظم شہباز شریف جمعرات کو روانہ ہوں گے۔ ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم اور دیگر وفاقی وزراء بھی موجود ہوں گے۔رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے پارلیمنٹ کے اسپیکر اور مذاکرات کار باقر قالیباف شرکت کریں گے، جبکہ امریکا کی نمائندگی ممکنہ طور پر نائب صدر جے ڈی وینس کریں گے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی تقریب میں شرکت کا عندیہ دیا ہے۔قطری وزارت خارجہ کے مطابق قطر ثالثی عمل میں مسلسل شریک رہا ہے اور تقریب میں اس کی بھی نمائندگی موجود ہوگی، جبکہ پاکستان کی قیادت میں جاری اس سفارتی عمل میں علاقائی ممالک بھی شریک ہوں گے۔