سعودی عرب اور شام کا علاقائی امن، بحری سلامتی اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

سعودی عرب اور شام کا علاقائی امن، بحری سلامتی اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

ریاض( مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب اور شام نے علاقائی کشیدگی کے خاتمے اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتی کوششوں کو ترجیح دینے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک نے خبردار کیا ہے کہ فوجی تصادم سے عالمی سلامتی، بحری تجارت، توانائی کی ترسیل اور معیشت کو سنگین خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔یہ اتفاق سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور شامی صدر احمد الشرع کے درمیان ریاض میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا۔ شامی صدر نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر سعودی عرب کا دورہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے بحیرہ احمر، باب المندب اور آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کو خطرے میں ڈالنے والی سرگرمیاں فوری روکنے پر زور دیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے سمیت صنعتی، زرعی اور ماحولیاتی شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ سعودی فنڈ برائے ترقی نے بھی شام میں بنیادی ڈھانچے، صحت، رہائش اور مالیاتی خدمات کے منصوبوں کے لیے متعدد معاہدے کیے۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مشترکہ اقدامات سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.