عظمیٰ بخاری کی سالک حسین پر تنقید، استعفے دے کر گھر جانے کا مشورہ

عظمیٰ بخاری کی سالک حسین پر تنقید، استعفے دے کر گھر جانے کا مشورہ

لاہور (تر کیہ خبر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے چودھری سالک حسین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی گفتگو سے محسوس ہوتا ہے کہ وہ اپنے حواس کھو بیٹھے ہیں، چودھری خاندان کو پہلے مونس الہٰی اور اب سالک حسین نے مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔اپنے بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ چودھری خاندان کی شائستگی، وضع داری اور رکھ رکھاؤ پر مبنی سیاست کو ان دونوں نااہل نوجوانوں نے شدید نقصان پہنچایا ہے۔ جس شریف خاندان نے انہیں چودھریوں کا مقام دیا، اسی کو دھوکا دینے کی ان کی ایک طویل تاریخ ہے۔عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اب ان کی گفتگو میں سنجیدگی کے بجائے غیر شائستہ انداز نمایاں ہونے لگا ہے۔ خواتین کی تضحیک کرنے والے افراد کسی صورت باوقار سیاست دان نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے سے مریم نواز کے قانونی نوٹس کا جواب نہیں دیا جاسکا، اگر جواب دینے کی ہمت نہیں تو وزارتوں سے استعفے دے کر گھر چلے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف بدعنوانی کے الزامات لگائے جاتے ہیں اور دوسری جانب سرکاری فنڈز بھی طلب کیے جاتے ہیں، آخر یہ دوہرا طرز سیاست کیسے چل سکتا ہے؟ مریم نواز نے گجرات میں جو ترقیاتی کام کرائے ہیں، چودھری خاندان کی تین نسلیں بھی وہ اقدامات نہیں کرسکیں۔صوبائی وزیر کے مطابق مریم نواز نے گجرات کے عوام کو ان کے جائز حقوق فراہم کیے ہیں، جو گزشتہ 50 برس کے دوران ظہور الہٰی، چودھری شجاعت حسین اور پرویز الہٰی بھی نہیں دے سکے۔عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ ٹیلی ویژن پر تقاریر کرنے کے بجائے استعفے دے کر حزب اختلاف میں بیٹھیں، تب انہیں عملی سیاست کی مشکلات اور آٹے دال کا بھاؤ معلوم ہوگا۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.