اردوان اور بنگلہ دیشی وزیراعظم کی ملاقات، تجارت اور دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اردوان اور بنگلہ دیشی وزیراعظم کی ملاقات، تجارت اور دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

انطالیہ (ترکیہ خبر) ترک صدر رجب طیب اردوان نے اقوام متحدہ کی عالمی موسمیاتی کانفرنس (کوپ 31) کے موقع پر بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترک صدارتی شعبہ اطلاعات کے مطابق یہ ملاقات ترکیہ کے جنوبی شہر انطالیہ میں منعقدہ عالمی ماحولیاتی کانفرنس کے موقع پر ہوئی۔صدر اردوان نے کہا کہ ترکیہ اور بنگلہ دیش کو مختلف شعبوں، بالخصوص تجارت اور دفاعی صنعت میں تعاون کے فروغ کے لیے مسلسل اقدامات کرنے چاہئیں، جس سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچے گا۔ترک صدر نے مزید کہا کہ انقرہ بنگلہ دیش کے علاقے کاکس بازار میں انسانی بحران کو عالمی توجہ کا مرکز بنائے رکھنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس علاقے کے پناہ گزین کیمپوں میں تقریباً 10 لاکھ روہنگیا مسلمان مقیم ہیں۔انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بری طرح متاثر ہو رہا ہے، اس لیے سیلاب سے نمٹنے کے بہتر انتظامات اور قدرتی آفات کے مقابلے کی صلاحیت رکھنے والے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر جیسے منصوبوں میں ملک کی ضروریات پوری کرنا کوپ 31 کے اہم موضوعات میں شامل ہے۔رجب طیب اردوان نے امید ظاہر کی کہ ترکیہ کا مجوزہ اقدام ’’موسمیاتی عملی تعاون کا پل‘‘ ان مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوگا۔ملاقات میں ترک وزیر خارجہ حاکان فیدان اور صدر کے خارجہ پالیسی و سلامتی امور کے مشیر اعلیٰ عاکف چاغاتائے کلچ بھی موجود تھے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.