قبرص میں اعتماد سازی کے اقدامات پر ترکیہ کا خیرمقدم، یونانی فریق سے مؤقف بدلنے کا مطالبہ
استنبول (ترکیہ خبر) ترکیہ نے قبرص کے معاملے پر دونوں فریقوں کے درمیان اعتماد سازی کی کوششوں میں پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے یونانی قبرصی انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے موجودہ طرزِعمل میں تبدیلی لائے۔ترک وزارت خارجہ کے ترجمان اونجو کیجیلی نے بتایا کہ پیر کے روز ہونے والے سہ فریقی اجلاس میں شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کے صدر توفان ارہرمین، یونانی قبرصی رہنما اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی نمائندے نے شرکت کی۔ترجمان نے سماجی رابطے کے امریکی پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ جزیرے میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں فریقوں کے درمیان اعتماد بڑھانے اور باہمی تعاون کے ممکنہ شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس پر ترک فریق طویل عرصے سے خصوصی توجہ دیتا رہا ہے۔اونجو کیجیلی کے مطابق اجلاس میں نئے سرحدی گزرگاہی مقامات کھولنے کے معاملے پر بھی محدود پیش رفت ہوئی ہے۔ یہ مسئلہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل ہے۔