اسلام آباد ہائیکورٹ کا شہری کو 5 روز میں ڈومیسائل جاری کرنے کا حکم
اسلام آباد (تر کیہ خبر) اسلام آباد ہائیکورٹ نے لکی مروت سے تعلق رکھنے والے شہری حماد اللہ کی اسلام آباد کا ڈومیسائل حاصل کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آفس کو 5 روز کے اندر ڈومیسائل جاری کرنے کی ہدایت کردی۔سماعت کے دوران ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایک کلرک عدالت میں پیش ہوا، جس پر چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے انتظامیہ کی نمائندگی کے لیے اعلیٰ افسر کے بجائے کلرک کو بھیجنے پر اعتراض اٹھایا۔کلرک نے مؤقف اختیار کیا کہ دوسرے ضلع سے عدم اعتراض کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے ایک سال بعد ڈومیسائل جاری کیا جاتا ہے۔ اس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ کون ہیں اور کس عہدے پر تعینات ہیں؟ کلرک نے جواب دیا کہ وہ کم درجے کا دفتری اہلکار ہے۔چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ یہ کیسا طریقہ کار ہے، کیا نوابوں کے بچوں نے خود آنے کے بجائے کلرک کو عدالت بھیج دیا ہے؟ نہ ڈپٹی کمشنر پیش ہوئے، نہ سپرنٹنڈنٹ اور نہ ہی اسسٹنٹ کمشنر۔ انہوں نے حکم دیا کہ ڈپٹی کمشنر کو عدالت میں طلب کیا جائے۔عدالت نے مزید ریمارکس دیے کہ جب عدم اعتراض کا سرٹیفکیٹ مل چکا ہے تو شہری کو ڈومیسائل کے لیے مزید ایک سال انتظار کیوں کرنا پڑے؟ پانچ روز کے اندر ڈومیسائل جاری نہ کیا گیا تو ڈپٹی کمشنر کو ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونا ہوگا۔بعدازاں عدالت نے متعلقہ ہدایات جاری کرتے ہوئے مقدمے کی مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔