چودھری سالک کے بعد موسیٰ الہٰی کی پولیس سکیورٹی بھی واپس
لاہور ( تر کیہ خبر) وفاقی وزیر چودھری سالک حسین کے بعد گجرات سے تعلق رکھنے والے ان کے کزن اور رکن پنجاب اسمبلی چودھری موسیٰ الہٰی سے بھی پولیس سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔چودھری موسیٰ الہٰی مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما چودھری وجاہت حسین کے صاحبزادے اور چودھری شجاعت حسین کے بھتیجے ہیں۔ وہ حلقہ پی پی 32 سے رکن پنجاب اسمبلی ہیں جبکہ رکن قومی اسمبلی چودھری حسین الہٰی کے بھائی بھی ہیں۔اس پیش رفت پر چودھری مونس الہٰی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی واپس لے لی جائے یا کوئی بھی اقدام کرلیا جائے، نئے صوبے ہر صورت قائم ہوکر رہیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نئے صوبوں کے قیام کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوں گے۔یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی چودھری سالک حسین سمیت دیگر وفاقی وزرا سے بھی پنجاب پولیس نے ایلیٹ فورس کا مستقل حفاظتی پروٹوکول واپس لے لیا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کو اپنی متعلقہ جگہوں پر واپس رپورٹ کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں، جبکہ وفاقی وزرا کو پنجاب آمد کے موقع پر صرف عارضی حفاظتی پروٹوکول فراہم کیا جائے گا۔چودھری سالک حسین نے بھی ایلیٹ فورس کا مستقل پروٹوکول واپس لیے جانے کی تصدیق کی ہے۔ مسلم لیگ (ق) کے ترجمان نے بھی سکیورٹی ختم کیے جانے سے متعلق اطلاعات کی توثیق کردی ہے۔ترجمان سالک ہاؤس کے مطابق چودھری سالک حسین کی گجرات میں واقع رہائش گاہ سے بھی پولیس اہلکاروں کو ہٹا دیا گیا ہے۔