امریکا ایران پر زمینی حملے کی جرأت نہیں کرے گا، ایرانی جنرل کا دعویٰ
تہران( مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ کے مشیر اعلیٰ بریگیڈیئر جنرل محمد رضا نقدی نے ایران پر امریکی زمینی حملے کے امکانات سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ایسا قدم اٹھانے کی جرأت نہیں کرے گا۔ایرانی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے محمد رضا نقدی نے دعویٰ کیا کہ ایران پر زمینی حملہ امریکی فوج کیلئے تباہ کن ثابت ہوگا۔ ان کے مطابق امریکی ذرائع ابلاغ میں اس نوعیت کی خبریں محض پروپیگنڈا ہیں اور واشنگٹن ممکنہ نتائج سے آگاہ ہونے کے باعث ایسے اقدام سے گریز کرے گا۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکا نے ایران پر زمینی حملہ کیا تو بڑی تعداد میں امریکی فوجیوں کو گرفتار کیے جانے کا امکان ہے۔ایرانی جنرل کا مزید کہنا تھا کہ امریکا نے عراق اور افغانستان کی جنگوں پر کھربوں ڈالر خرچ کیے، لیکن بالآخر اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو اپنی دفاعی صلاحیتوں پر مکمل بھروسا ہے۔