چین کا مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی اور دیرپا امن کیلئے کردار جاری رکھنے کا اعلان
بیجنگ( مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے مشرق وسطیٰ میں مکمل جنگ بندی اور پائیدار امن کے قیام کیلئے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے متحدہ عرب امارات کے صدر کے خصوصی ایلچی خلدون خلیفہ المبارک سے ملاقات کی، جس میں مشرق وسطیٰ کی تازہ صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وانگ یی نے خطے میں جامع جنگ بندی کیلئے کوششیں مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جاری تنازعات کا سیاسی حل تلاش کرنے کیلئے مذاکرات جلد از جلد بحال کیے جانے چاہئیں۔متحدہ عرب امارات کے صدر کے خصوصی ایلچی خلدون خلیفہ المبارک نے کہا کہ ان کا ملک خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کیلئے چین کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کا خواہاں ہے۔