آذربائیجان: قاراباغ میں 1500 کلومیٹر سڑکیں تعمیر مکمل، عالمی ہوائی اڈے بھی فعال
باکو( تر کیہ خبر) آذربائیجان کے صدر الہام علییف نے کہا ہے کہ قاراباغ اور مشرقی زنگزور میں تعمیر ہونے والا جدید مواصلاتی ڈھانچہ مختلف آبادیوں کو ایک دوسرے اور ملک کی مشترکہ معاشی منڈی سے منسلک کر رہا ہے۔آذربائیجان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق صدر الہام علییف نے چھویں بین الاقوامی نمائش ’’قاراباغ کی بحالی، تعمیر نو اور ترقی‘‘ میں شریک افراد کے نام اپنے پیغام میں خطے میں جاری تعمیراتی منصوبوں کی تفصیلات بیان کیں۔صدر کے مطابق اب تک تقریباً 1500 کلومیٹر طویل سڑکیں تعمیر کی جا چکی ہیں، جبکہ 11.7 کلومیٹر طویل مورووداغ سرنگ دشوار گزار پہاڑی علاقے میں تعمیراتی مہارت کی نمایاں مثال بن چکی ہے۔ فضولی، زنگیلان اور لاچین کے بین الاقوامی ہوائی اڈے بھی فعال کر دیے گئے ہیں، جبکہ ریلوے لائنوں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہورادیز تا آق بند ریلوے لائن زنگزور راہداری کا اہم حصہ ہے، جو آذربائیجان کے بین الاقوامی نقل و حمل اور تجارتی رسد کے روابط کو وسعت دینے میں تزویراتی اہمیت رکھتی ہے۔پیغام میں مزید بتایا گیا کہ نئے رہائشی علاقوں اور صنعتی مراکز کی ضروریات پوری کرنے کیلئے بجلی اور پانی کی فراہمی کا نظام بھی قائم کیا جا رہا ہے۔ خطے میں ایک نیا آبی ذخیرہ تعمیر کیا گیا ہے، جبکہ پانچ ذخائر کی بحالی مکمل ہو چکی ہے۔صدر الہام علییف کے مطابق 13 بجلی کے ذیلی مراکز اور مجموعی طور پر 307 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے حامل 38 پن بجلی گھر بھی فعال کیے جا چکے ہیں۔ قاراباغ اور مشرقی زنگزور کو ماحول دوست توانائی کے خطے کے طور پر ترقی دینا ان منصوبوں کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔