آذربائیجان میں لاؤس کے صدر کا پرتپاک سرکاری استقبال، الہام علییف نے خیرمقدم کیا
باکو( تر کیہ خبر) آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں عوامی جمہوریہ لاؤس کے صدر تھونگ لون سیسولیت کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔آذربائیجان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق تقریب کے مقام پر دونوں ممالک کے قومی پرچم لہرائے گئے اور لاؤس کے صدر کے اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش کرنے کیلئے دستہ تعینات کیا گیا تھا۔آذربائیجان کے صدر الہام علییف نے لاؤس کے صدر تھونگ لون سیسولیت کا استقبال کیا۔ اس موقع پر گارڈ آف آنر کے سربراہ نے مہمان صدر کو سلامی پیش کی، جبکہ دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔بعد ازاں فوجی دھن کی گونج میں اعزازی دستے نے دونوں صدور کے سامنے سے مارچ کیا۔ تقریب کے دوران آذربائیجان کے وفد کے ارکان کا تعارف لاؤس کے صدر سے، جبکہ لاؤس کے وفد کے ارکان کا تعارف صدر الہام علییف سے کرایا گیا۔تقریب کے اختتام پر دونوں سربراہان مملکت نے یادگاری سرکاری تصویر بنوائی۔