یورپ کا صنعتی انحصار کم کرنے میں ترکیہ اہم کردار ادا کرسکتا ہے، بیلجیئم

یورپ کا صنعتی انحصار کم کرنے میں ترکیہ اہم کردار ادا کرسکتا ہے، بیلجیئم

 انقرہ( تر کیہ خبر) بیلجیئم کے وزیر خارجہ میکسم پریوو نے کہا ہے کہ یورپ کو اہم صنعتی شعبوں میں دوسرے ممالک پر انحصار کم کرنے کیلئے ترکیہ کا تعاون حاصل کرنا چاہیے، کیونکہ اس ضمن میں ترکیہ نمایاں کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔برسلز میں یورپی یونین اور ترکیہ کے کاروباری سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میکسم پریوو نے کہا کہ عالمی حالات میں تبدیلی، یوکرین میں جاری جنگ اور رسدی سلسلوں میں رکاوٹوں نے یورپ کو اپنی معاشی کمزوریوں کا زیادہ احساس دلایا ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ نہ صرف ایک اہم صنعتی منڈی ہے بلکہ وسیع تر خطے کی منڈیوں تک رسائی کا دروازہ بھی ہے۔ ان کے مطابق ترکیہ کی پیداواری صلاحیت، صنعتی مہارت اور پڑوسی ممالک کی منڈیوں سے روابط یورپ کیلئے خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔بیلجیئم کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یورپی کمپنیاں اپنی مصنوعات کی تیاری اور ذخیرہ کرنے کے مقامات پر نظرثانی کرتے ہوئے ایسے قابل اعتماد شراکت داروں کی تلاش میں ہیں جو جغرافیائی طور پر ان کے قریب ہوں۔انہوں نے زور دیا کہ یورپ کو ترکیہ کے جغرافیائی قربت کے فائدے سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے، خصوصاً ان شعبوں میں جہاں تزویراتی انحصار کم کرنا ضروری ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.