ترک کاروباری رہنماؤں کا یورپی یونین میں شمولیت کیلئے نئے لائحہ عمل کا مطالبہ

ترک کاروباری رہنماؤں کا یورپی یونین میں شمولیت کیلئے نئے لائحہ عمل کا مطالبہ

استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ کے سرکردہ کاروباری رہنماؤں نے اٹلی کی وزیراعظم جورجیا میلونی کے نام کھلے خط میں یورپی یونین میں ترکیہ کی شمولیت کے عمل پر نظرثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپ کے ساتھ قریبی انضمام سے براعظم کی معاشی اور تزویراتی حیثیت مزید مضبوط ہوگی۔اطالوی روزنامے کوریئرے ڈیلا سیرا میں شائع ہونے والے خط میں کہا گیا ہے کہ ترکیہ کی یورپی یونین میں رکنیت کی راہ میں حائل رکاوٹوں سے متعلق پالیسی پر دوبارہ غور کرنے اور ملک کو شمولیت کے حوالے سے واضح امکانات فراہم کرنے کا وقت آگیا ہے۔خط پر دستخط کرنے والوں میں خارجہ اقتصادی تعلقات بورڈ کے صدر نائل اولپک، ترکیہ۔یورپ کاروباری کونسلوں کے سربراہ مہمت علی یالچنداغ اور ترکیہ۔اٹلی کاروباری کونسل کی سربراہ لالے جاندر شامل ہیں۔خط میں کہا گیا ہے کہ اگر یورپ مشترکہ مستقبل کیلئے ترکیہ کی معاشی، تکنیکی اور تزویراتی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھائے تو عالمی سطح پر اس کی پوزیشن مزید مستحکم ہو سکتی ہے۔ترکیہ اور یورپی یونین کے رکن ممالک کے درمیان قائم 26 کاروباری کونسلوں کے سربراہان نے کہا کہ یورپ ایسے دور میں داخل ہوچکا ہے جہاں معاشی مسابقت، تکنیکی ترقی اور سلامتی ایک دوسرے سے الگ نہیں رہ سکتے۔ان کے مطابق جغرافیائی و سیاسی عدم استحکام، مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی میں تیز رفتار پیش رفت، توانائی کے شعبے میں تبدیلی اور عالمی معاشی نظام کی نئی صورت گری یورپ کے مفادات، کمزوریوں اور عملی اقدامات کی صلاحیت کو نئی شکل دے رہی ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.