سعودی عرب میں میزائل حملے ناکام، ملبہ گرنے سے چار افراد زخمی

سعودی عرب میں میزائل حملے ناکام، ملبہ گرنے سے چار افراد زخمی

ریاض( مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی دارالحکومت ریاض اور جنوبی علاقے میں داغے گئے تین میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے گئے، جبکہ ملبہ گرنے سے چار افراد زخمی اور 15 مکانات کو معمولی نقصان پہنچا۔سعودی اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق ریاض اور جنوبی علاقے میں دو بغیر پائلٹ طیاروں کو بھی روک کر تباہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ریاض میں میزائلوں کا ملبہ گرنے کے باعث جانی و مالی نقصان ہوا۔سعودی اتحاد نے اعلان کیا کہ ریاض صوبے کے علاقوں وادی الدواسر اور السلیل میں خطرے کی صورت حال ختم ہو چکی ہے۔اس سے قبل سعودی اتحادی افواج نے حوثی ملیشیا کی جانب سے شہر ظہران پر میزائل حملے کی کوشش ناکام بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔ حکام کے مطابق میزائل کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا، جبکہ مشرقی ظہران میں تیل کمپنی آرامکو کی عمارت کو نشانہ بنانے کی کوشش میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ یمن کے شہر تعز میں یمنی فوج نے حوثی اکثریتی تنظیم انصار اللہ کے ٹھکانوں پر نو حملے کیے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.