بلغاریہ کے ساحل پر ڈرون حملہ، مال بردار جہاز ڈوب گیا، 11 ملاح لاپتہ
صوفیہ( مانیٹرنگ ڈیسک) بلغاریہ کے ساحل کے قریب ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک مال بردار جہاز سمندر میں ڈوب گیا، جس کے بعد 11 ملاح لاپتہ ہوگئے، جبکہ پانچ افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا۔حکام کے مطابق واقعے کے بعد لاپتہ ملاحوں کی تلاش کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ حملے میں دو مال بردار جہازوں کو نشانہ بنایا گیا تھا، جن میں سے ایک سمندر کی نذر ہوگیا۔واقعے پر بلغاریہ نے روسی سفیر کو طلب کرلیا، تاہم حکومت نے حملوں کا براہ راست الزام روس پر عائد کرنے سے گریز کیا۔بلغاریہ کے وزیراعظم رومن رادیف نے کہا کہ ان حملوں سے روس کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ دوسری جانب یورپی یونین اور یوکرین نے بھی واقعے کی مذمت کی ہے۔یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین نے کہا کہ یوکرین میں روسی جنگ کے باعث بحیرہ اسود بھی کشیدگی کے ایک نئے محاذ میں تبدیل ہوچکا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ان حملوں کے ذمہ داروں کو جواب دہ بنایا جانا چاہیے۔