واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) واشنگٹن میں پیش آنے والی پیش رفت کے مطابق امن کے حوالے سے اہم معاملے میں ایک نیا سفارتی تنازع سامنے آیا ہے، جس میں امریکا نے اسرائیل کی جانب سے ایران کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی تفصیلات تک رسائی کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیل نے ایران کے ساتھ طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کی تفصیلات حاصل کرنے کے لیے باضابطہ درخواست دی تھی، تاہم امریکا نے اسے قومی سلامتی سے متعلق حساس معاملہ قرار دیتے ہوئے معلومات فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی حکام نے امریکی فیصلے کو غیر معمولی اور حیران کن قرار دیا ہے۔یاد رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان 14 نکاتی مفاہمتی مسودے کی تفصیلات پہلے ہی سامنے آ چکی ہیں۔ اس مسودے کے مطابق بحری پابندیوں میں نرمی، تیل اور پیٹروکیمیکل برآمدات پر عائد پابندیوں کی معطلی، اور بعض علاقوں میں جنگ بندی کی تجاویز شامل ہیں۔مزید تفصیلات کے مطابق معاہدے کے تحت منجمد اثاثوں کی جزوی بحالی اور تعمیر نو کے لیے مالی معاونت جیسے نکات بھی زیر غور ہیں، جبکہ حتمی معاہدے کی منظوری اقوام متحدہ کی قرارداد کے ذریعے دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔