ایران امریکا کشیدگی کے اثرات، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مسلسل چوتھے روز بڑھ گئیں

ایران امریکا کشیدگی کے اثرات، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مسلسل چوتھے روز بڑھ گئیں

لندن( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور آبنائے ہرمز کے ذریعے توانائی کی ترسیل میں ممکنہ رکاوٹ کے خدشات کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل چوتھے روز اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکا کی جانب سے ایران میں تازہ حملوں کے بعد سرمایہ کاروں میں خدشات بڑھ گئے ہیں کہ اگر آبنائے ہرمز کی صورتحال مزید خراب ہوئی تو عالمی سطح پر تیل کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق عالمی معیار کے برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً 0.4 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 85.28 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 0.5 فیصد اضافے کے بعد 80.02 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور بحری آمدورفت سے متعلق خدشات کے باعث عالمی تیل مارکیٹ مسلسل دباؤ کا شکار ہے۔اقتصادی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر خلیجی ممالک سے خام تیل کی برآمدات مزید محدود ہوئیں یا آبنائے ہرمز کے ذریعے ترسیل میں رکاوٹ برقرار رہی تو برینٹ خام تیل کی قیمت 110 ڈالر فی بیرل سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شامل ہے، جہاں سے خام تیل اور گیس کی بڑی مقدار عالمی منڈیوں تک پہنچتی ہے۔ اس خطے میں کسی بھی کشیدگی کے اثرات توانائی کی قیمتوں، عالمی تجارت اور معیشت پر نمایاں طور پر مرتب ہو سکتے ہیں۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.