اسلام آباد( ترکیہ خبر) اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا ہے، جبکہ اس معاہدے پر باضابطہ دستخط 19 جون کو سوئٹزرلینڈ میں کیے جائیں گے۔سماجی رابطے کے پلیٹ فارم پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ مذاکرات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ طے پایا ہے اور فریقین نے تمام محاذوں پر، بشمول لبنان، فوری اور مستقل طور پر عسکری کارروائیوں کے خاتمے پر اتفاق کیا ہے۔اعلامیے کے مطابق معاہدے پر دستخط کی تقریب 19 جون کو سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہوگی۔ بیان میں ان تمام ممالک کی کوششوں کو سراہا گیا جنہوں نے تنازع کے سفارتی حل کے لیے کردار ادا کیا۔وزیراعظم نے ثالثی کے عمل میں قطر کی قیادت اور معاونت کو خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کیا، جبکہ سعودی عرب اور ترکیہ کی قیادت کے کردار کو بھی اہم قرار دیا۔بیان میں کہا گیا کہ معاہدہ طے پانے کے بعد ثالثی کرنے والے ممالک آئندہ چند روز میں مشاورتی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کریں گے، جن میں تکنیکی امور، عمل درآمد کے طریقہ کار اور دستخطی تقریب کی تیاریوں پر بات چیت کی جائے گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امن اور استحکام کے فروغ کے لیے سفارتی کوششوں کا تسلسل انتہائی اہم ہے اور یہ پیشرفت خطے میں کشیدگی کے خاتمے کی جانب ایک مثبت قدم ثابت ہو سکتی ہے۔