نیویارک( مانیٹرنگ ڈیسک) نیویارک میں سامنے آنے والی رپورٹ کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ جنگ کے خاتمے کے معاہدے کے تحت ایران کو فوری طور پر تیل اور ایندھن فروخت کرنے کی اجازت دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔امریکی اخبار نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ معاہدے پر دستخط کے ساتھ ہی تیل کی فروخت پر عائد پابندیوں میں نرمی نافذ العمل ہو جائے گی۔ اس میں بینکنگ، ٹرانسپورٹ اور انشورنس جیسی بنیادی خدمات بھی شامل ہوں گی جو تیل کی تجارت کے لیے ضروری ہیں۔رپورٹ کے مطابق ایک غیر منافع بخش تنظیم نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی خام تیل لے جانے والا ایک بڑا ٹینکر بندرگاہ سے روانہ ہوا، امریکی نگرانی سے گزرا اور خلیج عمان کے راستے آگے بڑھ گیا۔ یہ واقعہ حالیہ پابندیوں کے بعد پہلی بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ایک سینیئر امریکی عہدیدار کے مطابق اگرچہ ابتدائی طور پر ایران کو تیل کی فروخت میں نرمی دی جائے گی، تاہم مستقل ریلیف ایران کی جانب سے بعض امریکی شرائط پر عمل درآمد سے مشروط ہوگا، جن میں حساس امور پر پیش رفت اور خطے میں کشیدگی میں کمی شامل ہے۔