امریکا کا ایران کے خلاف فوجی تیاریوں میں اضافہ
واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا نے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے پیشِ نظر مشرقِ وسطیٰ میں اپنی عسکری سرگرمیاں بڑھانا شروع کر دی ہیں، جہاں خصوصی فوجی دستوں، طبی عملے اور جدید ہتھیاروں کی تعیناتی جاری ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں اضافی فوجی وسائل بھیجنا شروع کر دیے ہیں تاکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے خلاف کسی بھی ممکنہ کارروائی کے لیے مزید مضبوط فوجی اختیارات فراہم کیے جا سکیں۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران امریکی خصوصی آپریشنز فورسز اپنے مختلف اڈوں سے مشرقِ وسطیٰ پہنچ چکی ہیں۔ فلائٹ ٹریکنگ معلومات اور امریکی حکام نے بھی اس پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔ذرائع کے مطابق خطے میں لڑاکا طیاروں کے دستے بھی مختلف مقامات پر تعینات کر دیے گئے ہیں، جبکہ امریکا اور برطانیہ کے فوجی اڈوں پر موجود بمبار طیاروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ ضرورت پڑنے کی صورت میں فوجی کارروائیوں کو فوری طور پر وسعت دی جا سکے۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو اس کی کارروائیوں کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور حملے جاری رہیں گے۔