امریکی ایوان نے روس، ایران پر نئی پابندیوں کا بل منظور کرلیا

امریکی ایوان نے روس، ایران پر نئی پابندیوں کا بل منظور کرلیا

واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی ایوان نمائندگان نے روس اور ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنے سے متعلق قانون سازی منظور کرلی، جس کے بعد بل صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی منظوری کیلئے وائٹ ہاؤس بھیج دیا گیا۔ بل کے حق میں 262 اور مخالفت میں 159 ارکان نے ووٹ دیا۔لنڈسے او گراہم روس و ایران پابندیاں قانون 2026 کے نام سے پیش کیے گئے بل کو گزشتہ ماہ امریکی سینیٹ بھی 86 کے مقابلے میں 11 ووٹوں سے منظور کرچکی ہے۔مجوزہ قانون کے تحت روسی حکام، مالدار شخصیات، ان کے اہلخانہ، بینکوں اور مالیاتی اداروں سمیت یوکرین جنگ میں روس کی مدد کرنے والے غیر ملکی افراد پر بنیادی اور ثانوی پابندیاں عائد کی جاسکیں گی۔ روس کے توانائی اور دفاعی شعبوں کے علاوہ پابندیوں سے بچنے کیلئے استعمال ہونے والے خفیہ بحری بیڑے کے ٹینکروں کو بھی نشانہ بنانے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔بل میں صدر کو ان ممالک سے درآمدی اشیا پر مخصوص محصولات عائد کرنے کا اختیار دینے کی تجویز بھی شامل ہے جو بڑے پیمانے پر روسی تیل یا گیس خریدتے یا روس کو امریکی پابندیوں سے بچنے میں مدد دیتے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق یہ محصولات 100 فیصد تک ہوسکتے ہیں۔بل کے حامیوں کے مطابق اس کا مقصد روس کی جنگی سرگرمیوں کیلئے مالی وسائل محدود کرنا اور یوکرین پر دباؤ بڑھانا ہے، جبکہ بعض ڈیموکریٹ ارکان نے صدارتی اختیارات کے دائرہ کار اور امریکی اتحادی ممالک پر ممکنہ اثرات پر تحفظات ظاہر کیے ہیں۔ایوان نمائندگان کی منظوری کے بعد قانون سازی اب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط کی منتظر ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.