امریکی ایئرپورٹس پر مسافروں کا رش، فضائی آپریشنز شدید متاثر، پروازیں رک گئیں
واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کے مختلف ہوائی اڈوں پر جمعرات کے روز تقریباً 25 لاکھ مسافروں کی سکیورٹی جانچ کے باعث فضائی آپریشنز شدید متاثر ہوئے۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق معمول کے دنوں میں بھی ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر روزانہ 20 لاکھ سے زائد مسافروں کی سکیورٹی جانچ کی جاتی ہے۔مسافروں اور طیاروں کی غیر معمولی تعداد کے باعث متعدد ہوائی اڈوں پر جہازوں کی پارکنگ کے لیے جگہ کم پڑ گئی۔ واشنگٹن کے ریگن نیشنل ایئرپورٹ پر پارکنگ کی تمام جگہیں بھر چکی ہیں۔شکاگو کے اوہیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گزشتہ دو گھنٹوں کے دوران کوئی پرواز روانہ نہیں ہوسکی، جس سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔امریکی وفاقی ادارے برائے ہوا بازی کے مطابق فضائی آمدورفت کی بحالی نیویگیشن مراکز کی فعالیت اور فضائی ٹریفک کنٹرول مرکز کے ساتھ رابطے و ہم آہنگی سے مشروط ہے۔