شارجہ کتب میلے میں عمانی حلوے کی دھوم، صدیوں پرانا روایتی ذائقہ توجہ کا مرکز

شارجہ کتب میلے میں عمانی حلوے کی دھوم، صدیوں پرانا روایتی ذائقہ توجہ کا مرکز

شارجہ( مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں جاری 45ویں شارجہ عالمی کتاب میلے میں عمان کا روایتی حلوہ زائرین کی خصوصی دلچسپی کا باعث بن گیا، جہاں اس کے ذریعے سلطنتِ عمان کی قدیم ثقافت اور مہمان نوازی کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔رواں سال کتاب میلے میں عمان مہمانِ اعزاز ہے، جہاں روایتی حلوہ سازی کے عملی مظاہرے بھی پیش کیے جا رہے ہیں تاکہ لوگوں کو اس مٹھائی کی تیاری اور اس میں استعمال ہونے والے اجزا سے روشناس کرایا جا سکے۔حلوہ ساز ماہر محمد العامری ان مظاہروں میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان کے خاندان کو 200 سال سے زائد عرصے سے حلوہ تیار کرنے کا تجربہ حاصل ہے اور یہ ہنر نسل در نسل منتقل ہو رہا ہے۔محمد العامری کے مطابق عمانی سیاہ حلوہ تیار کرنے میں تقریباً تین گھنٹے لگتے ہیں۔ اس کی تیاری پانی، نشاستے اور بھوری شکر سے شروع ہوتی ہے، جسے ڈھائی گھنٹے تک مسلسل لکڑی کے مخصوص آلے سے ہلایا جاتا ہے۔بعد ازاں دیسی گھی، زعفران، الائچی اور عرقِ گلاب شامل کرکے اس کا ذائقہ اور خوشبو بڑھائی جاتی ہے، جبکہ آخری مرحلے میں کاجو، اخروٹ اور تل ڈالے جاتے ہیں۔عمانی حلوہ سفید، زرد اور سیاہ سمیت مختلف اقسام میں تیار کیا جاتا ہے۔ اسے عموماً قہوے کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے اور شادی بیاہ، مذہبی تہواروں اور خاندانی تقریبات میں مہمان نوازی کی اہم روایت سمجھا جاتا ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.