ٹرمپ، شی جن پنگ اور پیوٹن کی آئندہ ہفتے چین میں اہم سہ فریقی ملاقات متوقع

ٹرمپ، شی جن پنگ اور پیوٹن کی آئندہ ہفتے چین میں اہم سہ فریقی ملاقات متوقع

شینزین( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن آئندہ ہفتے چین کے شہر شینزین میں ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات کریں گے۔تین بڑی جوہری طاقتوں کے سربراہان کی مجوزہ ملاقات کو عالمی سیاسی تعلقات کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔وائٹ ہاؤس نے جمعہ کے روز اس سہ فریقی اجلاس کی تصدیق کردی، تاہم تجزیہ کاروں کے مطابق کسی بڑے معاہدے یا ٹھوس پیش رفت کے امکانات محدود ہیں اور ملاقات کی اہمیت زیادہ تر علامتی ہوسکتی ہے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا، چین اور روس کے درمیان مختلف معاملات پر اختلافات برقرار ہیں۔ ٹرمپ گزشتہ سال تجارتی کشیدگی کے بعد چین کے ساتھ عارضی مفاہمت کر چکے ہیں اور شی جن پنگ سے تعلقات بہتر بنانے کے خواہاں ہیں۔دوسری جانب امریکی صدر روسی ہم منصب پیوٹن کے ساتھ بھی روابط میں بہتری چاہتے ہیں، جبکہ روس یوکرین جنگ میں اپنے مؤقف پر قائم ہے اور ایران کے ساتھ دفاعی، انٹیلی جنس اور سفارتی تعاون بڑھا رہا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق ملاقات میں ایران کے ساتھ جاری امریکی جنگ اور تینوں ممالک کے جوہری ہتھیاروں سے متعلق معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا جا سکتا ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.