لیلیٰ علیئیوا اور الیونا علیئیوا کا انطالیہ میں مشترکہ ماحولیاتی پویلین کا دورہ
انطالیہ( تر کیہ خبر) حیدر علیئیف فاؤنڈیشن کی نائب صدر لیلیٰ علیئیوا اور الیونا علیئیوا نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں عالمی ماحولیاتی کانفرنس کوپ 31 کے موقع پر قائم مشترکہ پویلین کا دورہ کیا۔13 نومبر کو دونوں شخصیات نے حیدر علیئیف فاؤنڈیشن اور ترکیہ کی صفر فضلہ فاؤنڈیشن کے اشتراک سے قائم نمائش گاہ کا معائنہ کیا، جہاں انہیں پیش کیے گئے منصوبوں اور مختلف نمائشوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ بعد ازاں انہوں نے کانفرنس کے مقام پر قائم دیگر پویلینز بھی دیکھے۔مشترکہ پویلین کے قیام کا تصور 2024 میں باکو میں منعقدہ کوپ 29 کے دوران پیش کیا گیا تھا، جہاں یہ نمائش گاہ سب سے زیادہ دیکھی جانے والی جگہوں میں شامل رہی۔پویلین میں حیدر علیئیف فاؤنڈیشن کے سماجی بہبود، ثقافت، تعلیم، صحت، تعمیر نو، ماحولیاتی تحفظ اور بین الثقافتی ہم آہنگی سے متعلق منصوبوں کو تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے اجاگر کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ دونوں فاؤنڈیشنز کی سرگرمیوں سے متعلق معلومات اور جدید تعاملی منصوبے بھی نمائش کے لیے پیش کیے گئے ہیں۔