ترکیہ کا اہم معدنیات، صاف ٹیکنالوجی اور ماحول دوست سرمایہ کاری میں عالمی تعاون پر زور

ترکیہ کا اہم معدنیات، صاف ٹیکنالوجی اور ماحول دوست سرمایہ کاری میں عالمی تعاون پر زور

استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ کے وزیر تجارت عمر بولات نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور ماحول دوست معیشت کے فروغ کے لیے اہم معدنیات، جدید صاف ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں عالمی تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔انہوں نے انطالیہ میں اقوام متحدہ کی ماحولیاتی کانفرنس کوپ 31 کے اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ممالک ماحولیاتی تجارت سے متعلق اقدامات میں ہم آہنگی پیدا کریں اور ماحولیاتی اہداف کو عملی سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں میں تبدیل کریں۔ترک وزارت تجارت اور عالمی تجارتی تنظیم کے زیر اہتمام مذاکرے میں عمر بولات نے کہا کہ اہم معدنیات تک رسائی بین الاقوامی تجارتی معاہدوں، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون میں کلیدی اہمیت اختیار کر چکی ہے۔انہوں نے قابل اعتماد ترسیلی نظام قائم کرنے، ماحول دوست مصنوعات اور جدید ٹیکنالوجی کی تجارت آسان بنانے اور باہمی فائدے پر مبنی شراکت داریوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ترک وزیر تجارت کے مطابق قابل تجدید توانائی، بیٹریوں، برقی گاڑیوں اور توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام میں اہم خام مال استعمال ہوتا ہے، جبکہ بڑھتی ہوئی طلب کے باعث عالمی ترسیلی نظام کو نئے چیلنجز کا سامنا ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.