امریکا میں آئل ٹینکر کی کروز کشتی سے ٹکر، 32 افراد زخمی، تمام مسافر محفوظ
نیواورلینز( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی ریاست لوزیانا کے شہر نیواورلینز میں دریائے مسیسیپی پر آئل ٹینکر کی مسافر بردار کشتی سے ٹکر کے باعث کروز کشتی الٹ کر جزوی طور پر ڈوب گئی، تاہم تمام مسافروں اور عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا جبکہ 32 افراد زخمی ہوگئے۔حکام کے مطابق اٹلانٹک اسفالٹ نامی آئل ٹینکر نے بندرگاہ پر موجود امریکی ہیریٹیج نامی پانچ منزلہ کروز کشتی کو ٹکر ماری، جس سے اس میں پانی بھرنے لگا اور وہ ایک جانب جھک گئی۔شہر کی میئر ہیلینا مورینو کے مطابق حادثے کے بعد کسی شخص کے لاپتا ہونے کی اطلاع نہیں ملی اور تمام افراد کا سراغ لگا لیا گیا۔امدادی کارروائیوں میں ساحلی محافظوں، پولیس، بندرگاہ کے عملے اور قریبی کشتیوں نے حصہ لیا۔ بعض افراد کو دریا میں گرنے کے بعد پانی سے نکالا گیا، جبکہ 2 پولیس اہلکار بھی امدادی کارروائی کے دوران زخمی ہوئے۔لوزیانا کے گورنر جیف لینڈری نے کہا کہ دریائے مسیسیپی کے تیز بہاؤ اور خطرناک حالات کے باوجود تمام افراد کو بچانا بڑی کامیابی ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹینکر کے اسٹیئرنگ نظام میں خرابی حادثے کی ممکنہ وجہ بتائی جا رہی ہے، تاہم حکام نے اس کی تصدیق نہیں کی۔ امریکی کوسٹ گارڈ اور قومی ادارہ برائے تحفظِ نقل و حمل نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق حادثے میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی جبکہ 32 زخمی افراد زیرِ علاج ہیں۔