ترکیہ خبر

امریکا مشرقِ وسطیٰ میں مکمل جنگ بندی کا خواہاں ہے: ڈونلڈ ٹرمپ

امریکا مشرقِ وسطیٰ میں مکمل جنگ بندی کا خواہاں ہے: ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا دنیا میں امن کے قیام کے لیے پُرعزم ہے اور مشرقِ وسطیٰ میں تمام محاذوں پر مکمل جنگ بندی کا خواہاں ہے، جن میں لبنان، حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی بھی شامل ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کے تمام فریقین کو مذاکراتی عمل میں پیش رفت کے لیے اپنے وعدوں اور عزم پر قائم رہنا ہوگا تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ عالمی منڈیوں نے تیل کی قیمتوں میں کمی اور اسٹاک مارکیٹ میں بہتری کو مثبت انداز میں قبول کیا ہے، جو امریکا کے لیے ایک کامیابی کی علامت ہے۔امریکی صدر نے ایران سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی جانب سے ایران کو کسی بھی قسم کی بڑی مالی ادائیگی نہیں کی جا رہی اور اس حوالے سے پھیلائی جانے والی اطلاعات غلط اور سیاسی پروپیگنڈا ہیں۔ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کی کوشش ہے کہ خطے میں تمام فریقین کے درمیان جنگ بندی قائم ہو اور کشیدگی میں کمی لائی جائے۔اس سے قبل پیرس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ اگر بعض ممالک کے پاس بیلسٹک میزائل موجود ہیں تو ایران کے پاس بھی محدود صلاحیت ہونا کسی حد تک غیر متوازن صورتحال کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکا خلیج کے خطے میں اپنی عسکری موجودگی کو فی الحال برقرار رکھے گا تاکہ حالیہ تنازع کے بعد صورتحال مستحکم رہ سکے۔