متحدہ اپوزیشن کا پارلیمنٹ میں مشترکہ کردار ادا کرنے کا اعلان

متحدہ اپوزیشن کا پارلیمنٹ میں مشترکہ کردار ادا کرنے کا اعلان

اسلام آباد( تر کیہ خبر) متحدہ اپوزیشن کے قائدین مولانا فضل الرحمان، محمود خان اچکزئی، سلمان اکرم راجہ اور علامہ راجہ ناصر عباس نے پارلیمنٹ کے اندر مشترکہ اپوزیشن کے طور پر مؤثر کردار ادا کرنے کا اعلان کردیا۔مشترکہ پریس کانفرنس میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن کو متحد کرکے اس کے کردار کو مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے ملک کی سکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دو صوبوں میں حالات جنگ جیسے ہیں اور عوام خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں۔ ان کے بقول متعدد آپریشنز کے باوجود خاطر خواہ نتائج سامنے نہیں آئے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ خراب معاشی حالات سے کاروباری طبقہ بھی متاثر ہورہا ہے، مغربی اور مشرقی سرحدوں کی صورتحال کے ساتھ چین کی ناراضی بھی تشویشناک ہے۔ غلط پالیسیوں نے پاکستان کو مشکلات میں گھیر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا موجودہ بیانیہ درست نہیں، صوبوں سے متعلق معاملات بھی مناسب تیاری کے بغیر اٹھائے جارہے ہیں۔ متحدہ اپوزیشن پارلیمنٹ میں اپنا مشترکہ کردار ادا کرے گی، یہ اس اتحاد کا پہلا قدم ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.