ترکیے خبر

اقوام متحدہ کا امریکا ایران امن معاہدے کا خیرمقدم

اقوام متحدہ کا امریکا ایران امن معاہدے کا خیرمقدم

نیویارک( مانیٹرنگ ڈیسک) نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں انہوں نے امریکا اور ایران دونوں کو اس معاہدے پر مبارکباد دی۔انتونیو گوتریس کے مطابق اس معاہدے میں فوری اور مستقل جنگ بندی، آبنائے ہرمز کی بحالی اور آئندہ مذاکرات کے لیے ایک واضح فریم ورک شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت تنازع کے پرامن حل کی طرف ایک فیصلہ کن قدم ہے، جو خطے میں دیرپا استحکام اور امن کے لیے نئی امید پیدا کرتی ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے زور دیا کہ تمام فریقین کو اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سفارتی عمل کو جاری رکھنا چاہیے تاکہ خطے میں مکمل استحکام حاصل کیا جا سکے۔