روس میں یوکرینی ڈرون حملہ، ساحل پر 7 افراد ہلاک، درجنوں زخمی
ماسکو( مانیٹرنگ ڈیسک) روس نے الزام عائد کیا ہے کہ یوکرین نے بحیرۂ اسود کے کنارے واقع تفریحی مقام گیلینڈژک کے قریب ایک مصروف ساحل کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شہریوں کی بڑی تعداد متاثر ہوئی۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق روسی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں کم از کم 7 افراد جان سے گئے، جن میں 3 بچے بھی شامل ہیں، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں منتقل کیا گیا، جہاں کچھ کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔روسی حکام کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر ڈرون کا ہدف نووروسیسک کا اہم بحری اڈہ تھا، جو گیلینڈژک سے تقریباً 40 کلومیٹر دور واقع ہے، تاہم ڈرون راستہ تبدیل کرتے ہوئے ساحلی علاقے میں گر گیا، جس سے وہاں موجود عام شہری زد میں آگئے۔کراسنوڈار کرائی کے گورنر وینیامین کوندراتیف نے بتایا کہ واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد 7 تک پہنچ گئی ہے جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔