لندن( مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے تحفظ کے لیے قائم کثیر القومی فوجی مشن میں جنگی جہاز، لڑاکا طیارے اور جدید ڈرون نظام شامل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق جان ہیلی نے 40 سے زائد ممالک کے وزرائے دفاع کے ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس اقدام کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ برطانوی فورس پیکج میں جدید خودکار بارودی سرنگوں کی تلاش کے نظام، انسدادِ ڈرون ٹیکنالوجی، ٹائیفون لڑاکا طیارے اور ایچ ایم ایس ڈریگن شامل ہوں گے۔برطانوی وزیر دفاع کے مطابق اس مشن کے لیے 115 ملین پاؤنڈ کی نئی فنڈنگ مختص کی گئی ہے جبکہ اس بین الاقوامی سیکیورٹی مشن کی قیادت برطانیہ، فرانس کے ساتھ مل کر کرے گا۔برطانوی وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایچ ایم ایس ڈریگن پہلے ہی مشرق وسطیٰ کی جانب روانہ ہو چکا ہے اور اسے آبنائے ہرمز میں ممکنہ کارروائیوں کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔حکام کے مطابق اس جنگی جہاز میں نصب جدید سی وائپر دفاعی نظام ڈرونز اور دیگر فضائی خطرات کا مؤثر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔بیان میں واضح کیا گیا کہ یہ مشن مکمل طور پر دفاعی نوعیت کا ہے، جس کا مقصد دنیا کی اہم ترین تجارتی گزرگاہوں میں شامل آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے تحفظ کو یقینی بنانا اور عالمی تجارتی اعتماد کو بحال رکھنا ہے، جہاں سے دنیا کے تقریباً 20 فیصد تیل کی ترسیل ہوتی ہے۔
آبنائے ہرمز کیلئے برطانیہ کا بڑا فوجی اقدام، جنگی جہاز اور طیارے روانہ
واپس خبروں پر
Category:
عالمی خبریں